دہرادون،یکم جولائی(آئی این ایس انڈیا؍ایس او نیوز) اتراکھنڈ کے کئی علاقوں میں گزشتہ 24گھنٹے سے بھاری بارش جاری ہے۔چمولی اور پتھورا گڑھ میں کئی مقامات پر بادل پھٹنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔اس کے سبب الکندا، سریو اور منداکنی سمیت تقریبا 10ندیاں خطرے کے نشان کے ارد گرد بہہ رہی ہیں۔چمولی میں بادل پھٹنے کے بعد دو بچوں کے دریا میں بہنے کی خبر ہے۔وہیں لینڈ سلائڈنگ سے شری کیش-بدری ناتھ شاہراہ بلاک ہو چکا ہے۔ یمنوتری اور کیدار کے راستے پر بھی ہزاروں لوگ پھنسے ہوئے ہیں۔سیلاب اور بارش سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو ٹیمیں بھیجی گئی ہیں۔بھاری بارش اورلینڈ سلائڈنگ سے چمولی-پتھورا گڑھ اضلاع میں اب تک 30لوگوں کی موت ہوئی ہے،بہت سے لاپتہ ہیں۔ریاست کے کئی علاقوں میں جمعہ سے بھاری بارش ہو رہی ہے۔بادل پھٹنے سے کئی گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ نولاڑا علاقے میں لینڈ سلائڈنگ میں ایک ہی فیملی کے تین افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ٹوپرادھار دفلا میں دو مکان گرنے سے تین جانور ملبے میں دب کر مر گئے ہیں۔دھارچلا علاقے میں تین اور جول جی بی میں 2پلوں کے بہنے کی بھی خبر ہے۔ویدر ڈپارٹمنٹ نے جمعہ کو کہا تھا کہ دہرادون سمیت کل 8اضلاع میں اتوار تک بھاری بارش ہوگی۔